اختلاف کرنیوالے ججز بھی 90 دن میں الیکشن کا اصول تسلیم کرتے ہیں:پی ٹی آئی

اسلام آباد: سپریم کورٹ از خود نوٹس کیس کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج آئین اور پارلیمانی جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔
فواد چودھری نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات آگئے ہیں، پنجاب کے انتخابات کی تاریخ صدر مملکت دیں گے اور خیبر پختونخوا کے گورنر کو فوراً تاریخ دینے کا پابند کر دیا گیا ہے، جن جج صاحبان نے اختلاف کیا وہ بھی الیکشن 90 دن کے اندر کے اصول کو تسلیم کرتے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، آئین کی بالادستی کیلئے 90 دن میں الیکشن کروانا ضروری ہے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان الیکشن کی تیاری کریں۔
رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت سے ہر صورت مشاورت کا پابند ہے اور صدر مملکت پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے جو کہ 90 روز سے زیادہ نہیں ہوگا، مسلم لیگ (ن) والو اب بھاگنا نہیں میدان میں آؤ اور مقابلہ کرو، سپریم کورٹ نے آئین کی بالادستی قائم کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں