تاشقند: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے تصدیق کی ہے کہ داسو واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے شواہد ملے ہیں۔ وزیراعظم تحقیقات کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چین اورپاکستان دہشتگردی کےخاتمےکیلئے پرعزم ہیں۔ اس واقعے کے بعد ہم چینی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
بعد ازاں تاشقند سے جاری ایک ویڈیو بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ اپنے دورہ ازبکستان کا آغاز کر دیا ہے، ان کی ازبک وزیراعظم کیساتھ ایک اہم ملاقات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دو بڑے اہم مقاصد ہیں۔ ہم پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سفری سہولیات کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ جب کراچی یا گوادر کی بندرگاہ پر کوئی ٹرک اپ لوڈ ہو تو وہ تاشقند تک آئے۔ اس کے نتیجے میں سینٹرل ایشین سٹیٹس کے ساتھ ہماری تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ اس پر ہماری کامرس منسٹری نے بہت زیادہ کام کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا وزیراعظم عمران خان کے جاری دورہ ازبکستان سے متعلق بیان@fawadchaudhry pic.twitter.com/V5tDJOHar7
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس کا دوسر احصہ افغانستان میں امن سے متعلق ہے۔ جمعہ کے روز تاشقند میں ایک بہت اہم نوعیت کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان علاقائی رابطے بڑھانے پر بات کریں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم اسی تناظر میں بتائیں گے کہ یہ کیوں بہت اہم ہے کہ اس ریجن کو ایک رابطے میں لایا جائے، اس سے علاقے کی معیشت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔