سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی گرفتار

لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا۔صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ اور قریبی سڑک کا گھیراؤ کر رکھا تھا۔پولیس نے چودھری پرویز الٰہی کی گاڑیوں کو ظہور الٰہی روڈ کے گول چکر پر ناکے پر گھیرے میں لے کر انہیں گرفتار کر لیا، پرویز الٰہی کے ترجمان نے بتایا کہ چودھری پرویز الٰہی کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پولیس ان کی ریکی کر رہی تھی، گرفتاری کے وقت پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی، پرویز الٰہی کے ترجمان نے گرفتاری کی تصدیق کر دی۔بتایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کو گرفتار کر کے اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا، چودھری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کو مطلوب تھے، پولیس کے اعلیٰ حکام بھی ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئے۔نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ اینٹی کرپشن والوں نے پرویز الہیٰ کو گرفتار کیا ہے، پولیس نے علاقے کو کافی دنوں سے سیل کیا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آج ان کے گھر سے تین گاڑیاں نکلیں تو انہیں تلاشی کے لیے روکا گیا، گاڑی کا شیشہ توڑا تو اندر پرویز الٰہی موجود تھے۔عامر میر کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن حکام چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ دیر بعد تفصیلات میڈیا سے شیئر کریں گے۔چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے بعد پولیس آپریشن مکمل ہو گیا، جس کے بعد ظہور الٰہی روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پولیس 10 روز سے ظہور الٰہی روڈ کو بند رکھے ہوئے تھی، پولیس بدستور ظہور الٰہی روڈ پر موجود ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کرپشن کے مختلف کیسز میں اینٹی کرپشن کو مطلوب تھے، پرویز الٰہی کی ضمانت چند دن قبل اینٹی کرپشن عدالت نے منسوخ کر دی تھی۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے ضمانت کیلئے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا تھا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کئی روز سے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی گرفتاری کی کوشش کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج چودھری پرویز الٰہی کو فرار ہونے کی کوشش کے دوران اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتار کیا۔اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الٰہی کی گرفتاری ڈال دی، چودھری پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پنجاب ہیڈ کوارٹرز منتقل کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں