اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے قوم کے نام کھلا مراسلہ جاری کر دیا، کہتے ہیں امریکی نمائندے نے تمام سفارتی آداب بالائے طاق رکھتے ہوئے ہماری سیاست میں کھلی مداخلت کی، عمران خان نے لانگ مارچ کو” غلامی نامنظور مارچ “کا نام بھی دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ان ایکشن آ گئے، قوم کے نام کھلا مراسلہ جاری کر دیا، اسلام آباد کی جانب مارچ کو” غلامی نامنظور مارچ” کا نام دیا، کہا وہ جلد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے، قوم تیار رہے۔
قوم کے نام مراسلے میں عمران خان نے مزید لکھا کہ سات مارچ کو امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کی جانب سے دفترِ خارجہ کو ایک خفیہ مراسلہ موصول ہوا، جب اس خفیہ مراسلے کے مندرجات اُن کے سامنے رکھے گئے تو وہ امریکی نمائندے کی پاکستان کی سیاست میں کھلی مداخلت پر حیران رہ گئے۔
ایک طرف اُن کی حکومت کو خفیہ مراسلہ ملا تو دوسری طرف تحریک عدم اعتماد آ گئی، وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس، سول و عسکری قیادت پر مشتمل ”قومی سلامتی کمیٹی“ نے مراسلے کی تصدیق کی۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے باوجود اُن کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید لکھا کہ عدالتوں سے ضمانتوں پر رہا گروہ کو 40 ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث کرائم منسٹر کی سربراہی میں اقتدار سونپ دیا گیا۔ اب حقیقی آزادی کیلئے پر امن سیاسی تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے،دارالحکومت اسلام آباد کی جانب پُرامن فیصلہ کن ”غلامی نامنظور مارچ“ کیاجائے گا۔