قطر سے روابط کو موثر سٹرٹیجک تعلقات میں بدلنا چاہتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج قطر روانہ ہورہا ہوں، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی فضا مزید بہتر ہوگی۔

تفصیلات کےمطابق اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ موثرسٹرٹیجک تعلقات میں بدلنا چاہتے ہیں، دورہ قطر کے موقع پر کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دورے کے تناظر کو سمجھنا اہم ہے، کورونا وباء کے بعد دنیا معاشی سست روی سے بحالی کی طرف جارہی ہے، جیو پولیٹیکل کشیدگیوں نے طلب اور رسد کا عمل متاثر اور توانائی،خوراک کی قیمتوں میں اضافے نے مزید مسائل پیدا کئے ہیں۔مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہونگی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر قطر چلے گئے، دورے کے دوران دونوں ممالک میں تعلقات بڑھانے کیلئے مختلف معاہدے ہوں گے، دوحہ میں فٹبال اسٹیڈیم کا دورہ بھی شیڈول ہے

شہباز شریف کو دورہ کے دوران فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی، پاکستان قطر کو فٹبال ورلڈ کپ کی سکیورٹی کیلئے معاونت فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں