معاشی بحران ورثے میں ملا، مسائل پر جلد قابو پالیں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بحران اتحادی حکومت کو ورثے میں ملا ہے، حکومت معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، یہ معاشی بحران اتحادی حکومت کو ورثے میں ملا ہے، حکومت معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے، جلد معاشی مسائل پر قابو پالیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے گزشتہ دور میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، ن لیگ کے پچھلے دور میں پاکستان 24 ویں بڑی معیشت بن گیا تھا، پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ تھی، 2018 سے پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے پروگرام سے انحراف کیا، ترقیاتی اداروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کافقدان پیدا ہوا اور بجٹ خسارے میں اضافہ ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کی امید ہے، حالات جیسے بھی ہوں سابق حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں