مینارپاکستان واقعہ شرمناک،نئی نسل تباہی کی طرف جارہی ہے:وزیراعظم عمران خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان واقعہ کو انتہائی شرمناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب تربیت نہ ہونے کے سبب نئی نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی نے تعلیم کی بہتری پر توجہ نہیں دی، طبقاتی نظام تعلیم نے معاشرے کو تقسیم کردیا، یکساں نصاب مستقبل میں ملک کیلئے فائدہ مند ہوگا۔وزیراعظم نے یہ بات لاہور میں ایجوکیشن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان پر جو کچھ ہوا اس پر شرمندگی اور تکلیف ہوئی۔ دنیا میں سب سے زیادہ خواتین کی عزت ہوتی تھی، ہم آج یہاں جو تباہی دیکھ رہے ہیں بچوں کی تربیت نہ ہونے کی وجہ ہے۔ ہمیں آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے بارے سوچنا ہے۔ یکساں نصاب سے آنے والے وقت میں بہت فائدہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت کریں۔ ہمیں بچوں کو دنیا کے سب سے عظیم انسان نبی ﷺ کی زندگی بارے پڑھانا چاہیے۔انہوں نے اس موقع پر یکساں تعلیمی نصاب کو موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے دنیا کے کے بڑے ترقی یافتہ ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین، جاپان اور فرانس میں کتنے تعلیمی نصاب ہیں؟ ہمارے لئے یکساں نصاب بہت بڑا چیلنج ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور یہاں مراد راس نے بہت اچھا کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بنا تو ہر تقریب میں انگلش بولی جا رہی تھی۔ پاکستان میں 80 فیصد لوگوں کو انگلش نہیں آتی لیکن پارلیمنٹ اور سینیٹ اجلاسوں میں اراکین انگریزی میں تقریر شروع کر دیتے ہیں، یہ سب کچھ لوگوں کو متاثر کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔وزیراععظم نے کہا کہ انگلش میڈیم میں ذہنی غلامی تھی۔ ہمارے ملک کے نیچے آنے کی بڑی وجہ تعلیمی نظام ہے۔ گورنمنٹ سکولز میں پہلے بڑا اچھا سسٹم تھا لیکن آہستہ آہستہ نیچے کی طرف چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ انگریز کے تعلیمی نظام نے ہمیں کلچر اور اسلام سے بھی دور کیا۔ اصولاً جب ہم آزاد ہوئے تب ہمیں ایک سلیبس بنانا چاہیے تھا۔ سکولوں کا نظام تین طرف چلا گیا۔ ایک طرف دینی مدارس، ایک طرف اردو میڈیم اور چھوٹی سی کلاس کے لیے انگلش میڈیم بن گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں