ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے153 رنز کا ہدف

سڈنی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دے دیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ کے دوران نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن نے 46 جبکہ ڈیرل مچل 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے اننگز کے آغاز پر شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر فِن ایلن کو 4 رنز پر پویلین بھیجا جبکہ پاور پلے کے اختتام یعنی چھٹے اوور کی آخری گیند پر شاداب نے ڈیون کونوے کو شاندار رن آؤٹ کیا۔

اس کے بعد محمد نواز نے گلین فلپس کو 6 رنز پر پویلین لوٹایا، کین ولیم سن 42 گیندوں پر 46 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی سکواڈ
کپتان بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف

نیوزی لینڈ سکواڈ
کپتان کین ولیمسن ، فن ایلن ، ڈیرل مچل ، گلین فلپس ، ڈیون کونوے،ٹرینٹ بولٹ ، ٹم ساؤتھی ، لوکی فرگوسن، جمی نیشم ، مچل سینٹنراور ایش سودھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے، پاکستان نے حریف ٹیم کو 4 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ کیویز 2 بار کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں